قومی سلامتی کا ملک کی معیشت سے براہ راست گہرا تعلق ہے ۔ آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کا ملک کی معیشت سے براہ راست گہرا تعلق ہے ۔ سیکورٹی صورتحال بہتر کرنے کےلئے اقتصادی ترقی نا گزیر ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی زیر میزبانی میں آرمی آڈیٹوریم میں معیشت اور سیکیورٹی کے باہمی اثر و نفوذ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں حکومت کی معاشی ٹیم اور ملک کے تاجروں نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیمینار کے انعقاد کا مقصد ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تجاویز تیار کرنا تھا۔سیمینار سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کا تعلق معیشت سے ہے اور ملک میں داخلی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہوئے ہیں اور ان مباحثوں کا مقصد تمام فریقین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کر نا ہے جبکہ پلیٹ فا رم کی تجاویز سے مربوط حکمت عملی وضح کرنے میں مدد ملے گی ۔آئی ایس پی آرکے مطابق حکومت کی اقتصادی ٹیم نے تاجروں کو کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ حکومتی ٹیم نے کہا کہ قومی معیشت میں استحکام کی کوششوں کے حوصلہ افزاء نتائج آرہے ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق تاجروں نے کاروبار ی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز شیئرکیں۔ تاجروں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سے اصلاحات کے نفاذ میں تعاون کریں گے، ٹیکس ادا اور سرمایہ کاری کرکے اپنا کردار ادا کریں گے ۔