عراق میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد بغداد میں کرفیو نافذ، سوشل میڈیا پر پابندی
عراق کے وزیر اعظم عادل عبد المہدی حکومت مخالف مظاہروں کے بعد جمعرات کی صبح پانچ بجے سے پورے بغداد میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، تاکہ مظاہرین کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔غیر ملکی خبررسا ادارے کے مطابق عراق میں بدعنوانی، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور بے روزگاری کے خلاف کیے گئے مظاہروں میں کم از کم سات شہری جاںبحق جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم عبدالمہدی نے مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد دارلحکومت بغداد میں کرفیو کا اعلان کیا ہے جبکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرفیو آئندہ احکامات تک نافذ ر کھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ واضح رہے کہ بغداد اور عراق کے جنوبی حصے میں منگل سے حکومت مخالف مظاہرے ہورہے ہیں۔ مظاہرین اقتصادی بحالی اور بدعنوانی کو ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔