نوازشریف بھارت کی زبان بول رہے ہیں : شہبازگل
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا ہے کہ نوازشریف بھارت کی زبان بول رہے ہیں ، انہیں جندال سے خفیہ ملاقاتوں کا جواب دینا ہوگا ، نون لیگ ایک سازشی جماعت بن چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے کوئی سیاسی خطرہ نہیں، نوازشریف جب پھنستے ہیں توان کو جمہوریت کا چیمپئن بننا یاد آجاتا ہے، لیگی قائد کی باتوں سے مستقبل میں پاکستان کو نقصان ہوگا، متنازعہ بیانات ملک دشمن اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کریں گے، یہ چاہتے ہیں کہ ان کی کرپشن پر ان سے کوئی سوال نہ ہو ، چند ٹکوں کے لیے یہ لوگ دشمن کے آلہ کار بن جاتے ہیں، انہیں جندال سے خفیہ ملاقاتوں کا جواب دینا ہوگا کیونکہ ہمیں لندن میں ان کی خفیہ ملاقاتوں کا علم ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں نے نواز شریف کو مجرم ڈکلیئر کر رکھا ہے، شہبازشریف نے 4 ہفتے میں ان کی واپسی کی ضمانت لی تھی، انہوں نے خود ہی ضمانت کی درخواستیں واپس لیں، شریف فیملی نے پروپیگنڈا کیا کہ حکومت نے ان کی ضمانتیں منسوخ کرا دیں، (ن) لیگ آج سازشی جماعت بن گئی ہے، ان کے کچھ لوگوں نے چھوٹی موٹی چوریاں کیں، وہ غدار نہیں۔ شہباز شریف پنجاب کا ایک برا ترین منتظم تھا ، شہباز شریف کا آئرن مین کا امیج مریم نواز نے پیچھے ہٹا دیا۔ شہباز گل کا کہنا تھا میرا مؤقف تھا نواز شریف کو تقریر کی اجازت نہ دی جائے، لیگی قائد کی چند تقاریر ملکی مفاد میں نہیں تھیں، 10 ماہ بعد پتہ چلے گا کہ ان تقریروں کا کیا نقصان ہوا، نواز شریف نے بھارتی دورے میں کشمیر حریت رہنماوں سے ملنے کی بجائے بھارتی اسٹیبلشمنٹ کو ترجیح دی ، کلبھوشن یادیو کی وجہ سے عاصم سلیم باجوہ نواز شریف کو چھبتے ہیں، نواز شریف اور انکے ساتھیوں کی ہمت نہیں تھی کہ کلبھوشن کی گرفتاری کا اعتراف کرلیتے۔ نواز شریف اور نریندر مودی کھٹمنڈو میں ہوٹل میں خفیہ ملاقاتیں کرتے رہے، تسلیم اسلم نے نواز شریف کی غداری کو عیاں کیا۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کسی کو شک نہیں بھارت پاکستان کو توڑنا چاہتا ہے، کوئی شک نہیں بھارت سرحدوں پر پاکستان کیخلاف سرگرم ہے، ہمارا ازلی دشمن انڈیا پاکستان کو فیفتھ جنریشن وار کے ذریعے توڑنا چاہتا ہے ، حساس اداروں نے حال ہی میں ملک میں فرقہ وارنہ سازش کو ناکام بنایا ہے ، بھارت ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کی تاک میں رہتا ہے۔ نواز شریف نے مودی کی بھیجی ہوئی پگڑی پہن کر پیغام دیا کہ دونوں کی عزت سانجھی ہے، ایٹمی دھماکے کس نے کیے ڈاکٹر عبدالقدیر خان انکا کچا چٹھا کھول چکے ہیں ۔ نواز شریف نے صرف ایک بات طے کرنی ہے کہ انکا پیسہ پکڑا گیا ہے جواب اب انکو دینا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے فوجی جوان اس لیے شہید ہو رہے ہیں کہ آپ چند ٹکے کما سکیں ، فوج ہمیں کہیں کام کرنے سے نہیں روکتی، اگر عوام کو نہیں ڈلیور کر سکے تو فوج کو مورد الزام نہیں ٹھہرائیں گے پوری دنیا کے مسلمان ملکوں میں مسجدیں بند ہوئیں، لیکن ہماری فوج کیوجہ سے پاکستان میں مسجدیں نہیں بند ہوئیں ، فوج ہمارے ملک میں امن کی ضمانت ہے۔ شہبازگل نے مزید کہا کہ آج نئی بننے والی سازشی جماعت پوری ملک مخالف نہیں،ان میں سے کئی جماعتیں ملک کے خلاف بیانیہ میں شامل نہیں ہونا چاہتیں۔ نواز شریف کی سیاسی تاریخ افواج پاکستان خلاف بھری پڑی ہے،نواز شریف ملک میں امیر مومنین بننا چاہتے ہیں اوران کی چوری پر سوال پوچھنے والا واحد ادارہ فوج ہے۔نواز شریف سے ملک کے خلاف سرگرمیوں پر سوال پوچھا جائے تو انکو تکلیف ہونے لگتی ہے، فوج سوال پوچھتی ہے تو نواز شریف اپنے بیرونی آقاوں کی طرف دیکھنا شروع کردیتے ہیں، اپنے دور میں صحافتی اداروں کو بند کرتے ہیں اور اپوزیشن میں آکر آزادی صحافت یاد آجاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جندال ایک بھارتی کاروباری ہے جو بغیر ویزے کے مری میں نواز شریف سے ملتا رہا، کیا ہمارا کوئی کاروباری فرد بغیر ویزے کے نریندر مودی سے ملاقات کرسکتا ہے ؟ مریم بی بی نے ٹویٹ کیا کہ ہمارے ذاتی تعلقات ہیں، بی بی بتاؤ کہ کون سے ذاتی تعلقات ہیں تمھارے ان کے ساتھ۔کیا مودی کسی پاکستانی بزنس مین سے ملتا ہے، اگر آپ کی پراپرٹیز نکل آئیں ہیں تو جواب دیں دفاعی اداروں پر گند نہ پھینکیں، مرد کے بچے ہیں تو ہم سے مقابلہ کریں، فوج پر مت بولیں ،ہم فوج کیساتھ ملکر کام کر سکتے ہیں توآپ کو کیا موت پڑی ہوتی ہے؟نوازشریف کو اللہ نے سچ بولنے کی توفیق ہی نہیں دی ، نوازشریف تبھی سچ بولتے ہیں جب وہ کچھ نہیں بولتے ۔