ٹویٹر اکاؤنٹ کی بحالی کے لیے ٹرمپ عدالت پہنچ گیے، درخواست میں طالبان کا تذکرہ
واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ٹرمپ نے ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے وفاقی جج کو ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کرنے کے حوالے سے درخواست دی، جس میں آئی ڈی بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے فلوریڈا کی ضلعی عدالت میں درخواست دائر کی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹویٹر انتظامیہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر حکم امتناع جاری کیا جائے۔ انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ’ٹویٹر انتظامیہ کو امریکی کانگریس نے میرا اکاؤنٹ معطل کرنے پر مجبور کیا‘۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’افغان طالبان کو تو ٹویٹر نے اظہار رائے کی اجازت دی ہوئی ہے مگر میرے ٹویٹس کو صدر ہوتے ہوئے بھی ڈیلیٹ کیا گیا اور مجھ پر ٹویٹ کے ذریعے جعلی، اشتعال انگیزی پھیلانے کے الزام عائد کیے گیے‘۔