سارہ قتل کیس: مرکزی ملزم شاہنواز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز عامر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کردی۔
شاہنواز عامر کو 23 ستمبر کو اپنی بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، یہ واقعہ شہزاد ٹاؤن میں واقع ایک فارم ہاؤس میں پیش آیا تھا جہاں ملزم اپنی والدہ ثمینہ شاہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔آج سماعت کے دوران پولیس نے مرکزی ملزم کو سینئر سول جج محمد عامر عزیز کی عدالت میں پیش کیا جہاں شاہنواز عامر کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کی استدعا کی گئی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ سارہ انعام کا پاسپورٹ ابھی تک برآمد نہیں ہوا ہے، یہ اہم چیز ہے، مقتولہ کا پاسپورٹ ان کے سفر کی تاریخوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے گا۔بعد ازاں جج نے شاہنواز عامر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کردی۔