فتنے کی حکومت کو ختم نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا: رانا ثناء اللہ
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن 21 اکتوبر کو قائد نوازشریف کو ویلکم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پوری قوم میاں نوازشریف کو ویلکم کرنے کیلئے منتظر ہے، نوازشریف ضمانت لیکر آئیں گے اور عدالت کے سامنے پیش ہوں گے، پیپلز پارٹی اگر ہمارے خلاف بات نہیں کرے گی تو ہمارے ووٹ کو کیسے اپنی طرف متوجہ کرے گی؟ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ایک طرف کھڑی ہوگئی تھی کہ کوئی مسلمان ملک ایٹمی قوت نہیں بن سکتا، میاں نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے قوم کو باوقار کیا، جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تو پوری مسلم دنیا میں جشن منایا گیا، 2013 میں ملک دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب میں دبا جا رہا تھا، ہر روز سیکڑوں شہداء کی لاشیں اٹھانی پڑ رہی تھیں، لوگ کہتے تھے ان دو مشکلات سے جان چھوٹ جائے تو ملک کو کوئی نہیں روک سکتا۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ منفی باتیں اس وقت بھی کی جاتی تھیں، قوم نے نوازشریف پر اعتماد کا اظہار کیا مینڈیٹ دیا، اگلے چار سالوں میں پاکستان خوشحالی و ترقی کے ٹریک پر آگیا، نئے پاکستان کا تجربہ نہ کیا جاتا تو سی پیک مکمل ہوچکا ہوتا، 2017 میں ہی پاکستان جی 20 ممالک کی لسٹ میں آ جاتا، ایڈونچر سے 28 جولائی 2017 کو ایک مینج فیصلہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بابا رحمتے کے فیصلے کی باعث آج پاکستان بحرانی کیفیت میں ہے، ہم ڈیفالٹ کر چکے ہوتے اگر فتنے کی حکومت کو پارلیمان سے ووٹ آؤٹ نہ کیا جاتا، نوازشریف قوم کو امید دینے کیلئے 21 اکتوبر کو پاکستان تشریف لارہے ہیں، پورے پاکستان سے لوگ 21 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے،نوازشریف کا خطاب جلسہ گاہ میں لوگ براہ راست سنیں گے، دوران خطاب نوازشریف اپنے بیانیے اور پالیسی پر اظہار خیال کریں گے، مسلم لیگ ن اپنا منشور بھی دے گی۔