نیپال اور بھارت میں شدید زلزلے کے جھٹکے،لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
نیپال اور بھارت کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں آنے والے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر بتائی جارہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی، اتر پردیش اور امروہا میں زلزے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل نیپال میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 6.2 بتائی گئی۔ گھر لرز اُٹھے اور عوام خوف زدہ ہوکر گھروں سے نکل آئے۔ریاست میگھالیہ کے بعد ہریانہ،آسام، بنگال اور اترپردیش کے علاقوں میں بھی آفٹرشاکس آئے جن کی شدت 2.5 سے 3.5 کے درمیان تھی۔زلزلے کے جھٹکوں کے بعد سے ان پانچوں ریاستوں میں الرٹ جاری کردیا گیا۔میونسپل اداروں اور فائر بریگیڈ کو کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ متاثرہ علاقوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔تاحال زلزلے کے جھٹکوں سے جانی اور مالی نقصان سے متعلق کوئی خبر موصول نہیں ہوئی تاہم متاثرہ علاقوں میں ایمبولینسوں کو سائرن بجاتے ہوئے تیزی سے کسی جانب جاتے دیکھا گیا ہے۔شہریوں میں خوف و ہراس ہے اور اکثریت نے گھر بار چھوڑ کر میدانی اور کھلے علاقوں میں پناہ لے رکھی ہے۔