نوید اشرف پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر
نوید اشرف کو پاک بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ، تبدیلی کمانڈکی تقریب7 اکتوبر 2023 کو اسلام آباد میں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے نئے سربراہ کا اعلان کردیا گیا، ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نوید اشرف پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر کردیئے گئے ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7 اکتوبر 2023 کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی ، وائس ایڈمرل نویداشرف کو سات اکتوبر 2023 کو ایڈمرل کےعہدے پر ترقی دی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ وائس ایڈمرل نویداشرف نے 1898 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔ وائس ایڈمرل نوید اشرف اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور کمانڈر پاکستان فلیٹ سمیت کمانڈانٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق نوید اشرف ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن) اور ڈپٹی پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ وائس ایڈمرل نوید اشرف اس وقت نیول ہیدکوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، آپ کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں آپ کو ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔ خیال رہے پاک بحریہ سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی 7 اکتوبر کوسبکدوش ہورہے ہیں، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22ویں سربراہ ہیں۔