ایفیڈرین کیس میں مخدوم شہاب الدین اور علی موسی گیلانی کی ضمانتیں منسوخ ہونا جنوبی پنجاب کے قیام کے خلاف سازش ہے۔ راجہ ریاض
پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں پراترآئی ہے اوراس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرشوکت بسرا کے خلاف ہارون آباد میں نام نہاد مقدمہ درج کریا گیا، انہوں نے کہا کہ اس بوگس مقدمے کے خلاف وہ آئندہ بدھ کو پی پی ارکان اسمبلی کے ہمراہ آئی جی پنجاب کے آفس میں شوکت بسرا کی گرفتاری دلوائیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ وزیراعلی کیا کرسکتے ہیں۔ راجہ ریاض نے کہا کہ وہ عدلیہ کی جانب سے ایفیڈرین کیس میں مخدوم شہاب الدین اورعلی موسیٰ گیلانی کے خلاف آنے والے فیصلے کو ناصرف مسترد کرتے ہیں بلکہ اسکے خلاف شدید احتجاج بھی کریں گے۔ راجہ ریاض نے الزام عائد کیا کہ صوبائی اسمبلی کے گذشتہ اجلاس میں بھی پنجاب حکومت فسطائیت پراترآئی تھی اسکے ارکان کا اپوزیشن کی خواتین کے ساتھ سلوک اور پھر نام نہاد جنوبی پنجاب کے خلاف قرارداد اس وقت پیش کی گئی جب انکے ارکان کورم کی نشاندہی کرچکے تھے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ انہوں نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کیلئے ریکوزیشن جمع کروا دی ہے اور آئندہ اجلاس میں سرائیکی صوبے کے معاملے پرتفصیلی بحث کی جائے گی۔