فرانس کے دارالحکومت میں پیرس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کا انڈین سفارت خانے کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرہ ,انڈین سفیر کا احتجاجی یادداشت وصول کرنے سے انکار

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) بھارتی حکومت اور آرمی کی طرف سے کشمیر میں جاری ظلم و ستم کے خلاف فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے انڈین سفارت خانے کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے میں مسلم لیگ ن فرانس کے جنرل سیکریٹری یوسف خان ، سینئر راہنما راجہ اشفاق ، حاجی مزمل کے علاوہ پیپلز پارٹی فرانس ، تحریک انصاف فرانس پاکستان پریس کلب ، پوٹھوہار ایسوسی ایشن فرانس کے راہنماؤں اور کشمیری کمیونٹی کے راہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ اس مظاہرے کا انعقاد کشمیری راہنما راجہ افتخار نے کیا۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت ، مودی اور انڈین آرمی کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور انڈین افواج کے مظالم اور بربریت کی مذمت کی . مظاہرین نے کشمیر کے جھنڈوں کے ساتھ کتبے اور بینر بھی اٹھا رکھے تھے جن پر انڈین افواج اور انڈین حکومت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں فرانس میں مقیم خالصتان کے حامی سکھوں نے بھی شرکت کی اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی اور خالصتان کی آزادی کے حوالے سے نعرے بازی بھی کی ۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی مودی کی حکومت نے کشمیر میں دہشت گردی کا بازار گرم کیا ہؤا ہے ۔ نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کئے جارہے ہیں۔ انسانی حقوق کی پامالی کے نام پر شام اور لیبیا کے خلاف جنگ مسلط کرنے والوں کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی نظر کیوں نہیں آتی۔ کشمیر میں بہنے والا خون انسانی حقوق کی تنظیموں کو کیوں نظر نہیں آتا۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ ،یورپی یونین اور انٹرنیشنل کمیونٹی سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کا فوری نوٹس لے . انڈین سفیر نے مظاہرین کی طرف سے یادداشت وصول کرنے سے انکار کردیا ۔ یہ مظاہرہ دو گھنٹے تک جاری رہا اور پرامن طور پر منتشر ہوگیا ۔