بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ایلسٹر کک

Sep 03, 2018 | 11:29

انگلش ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور بھارت کو آئندہ میچ میں بھی شکست دینے کے لئے پرعزم ہے۔ انگلینڈ نے بھارتی ٹیم کو چوتھے میچ میں 60 رنز سے شکست دیکر نہ صرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ پانچ میچوں کی سیریز میں بھی 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ اس سے قبل بھارت نے کم کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچواں اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ 7 ستمبر سے لندن میں شروع ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی پر وہ بہت خوش ہیں اور اب پوری ٹیم کی تمام تر توجہ سیریز کے آئندہ میچ پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے بھارت کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ ایلسٹر کک نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ ایلسٹر کک نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ بلاشبہ بھارتی ٹیم کا شمار ٹیسٹ کی نامور ٹیموں میں ہے اور اس کو آئندہ میچ میں شکست دینے کے لئے تمام کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔

مزیدخبریں