وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سابق آسٹریلوی سینیٹر لی ریا نون کی ملاقات
دفتر خارجہ کے مطابق سابق آسٹریلوی سینیٹر لی ریانون نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق آسٹریلوی سینیٹر کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اعتماد میں لیا اور قباض بھارتی افواج کے کشمیریوں کے خلاف جاری مظالم سے آگاہ کیا دونوں راہنماوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق آسٹریلوی سینیٹر لی ریا نون سے گفتگو میں کہا کہ عالمی برادری او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ کے تناظر میں اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر سابق آسٹر یلوی سینیٹر نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا، سینیٹر لی ریانون کا کہنا تھا کہ او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا اصل چہرے کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے سینیٹر لی کی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔