پاکستان دنیا بھرکےسکھ یاتریوں کو ویزاحصول میں سہولت فراہم کریگا،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر کے سکھ یاتریوں کیلئے ویزے کی فراہمی میں آسانی پیدا کرکے سہولت فراہم کریگا۔وہ آج شام گورنر ہائوس لاہور میں بین الاقوامی سکھ کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو ملٹی پل ویزا فراہم کیا جائیگا اور انہیں ہوائی اڈوں پر ویزا فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیںگے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل بنیادی حقوق حاصل ہیں سکھ برادری اور یاتریوں سمیت تمام اقلیتوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔مسئلہ کشمیر کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ 29روز سے مقبوضہ کشمیر میں اسی لاکھ بے گناہ لوگوں کا محاصرہ کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں تاہم مقبوضہ کشمیر میں موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا ان کی ترجیح تھی تاہم بدقسمتی سے بھارت نے صنفی ردعمل کا مظاہرہ کیا۔عمران خان نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ فسطائیت ہے جو ہٹلر کے نازی ازم سے متاثر ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ نظریہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر مذاہب کیلئے بھی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس مسلمانوں اور مسیحیوں پر مظالم ڈھا رہی ہے جبکہ بھارت میں نچلی ذاتوں اور سکھوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ خود بھارت کیلئے بھی خطرہ ہے۔وزیراعظم نے اقوام عالم کو خبردار کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر مزید کشیدگی ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔