مہنگائی کے مستقل سدباب کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنارہے ہیں۔ عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہمارے دو برس عوامی خدمت سے عبارت ہیں، مہنگائی کے مستقل سدباب کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنا رہے ہیں۔ شہروں میں اربن فاریسٹ سٹیشن لگانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ۔رکن قومی اسمبلی رخسانہ نوید نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ انہوں نے پنجاب حکومت کے کامیابی سے عوامی خدمت کے دو برس مکمل ہونے پر وزیراعلی عثمان بزدار کو مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارے دو برس عوامی خدمت سے عبارت ہیں ۔ پنجاب کا ہرشعبہ ترقی کی طرف گامزن ہے۔ دیگر صوبوں کے مقابلے میں اشیا ضروریہ کے نرخ پنجاب میں سب سے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوںکیلئے آسانیاں پیدا کرنا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ پنجاب شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے آگے ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ دامن صاف ہے ان کی ٹیم عوام کی عدالت میں سرخرو ہے۔رکن قومی اسمبلی رخسانہ نوید نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے انتہائی دل جمعی اور بے پناہ محنت سے کام کیا ہے۔ پنجاب سے ون مین شو کے منفی کلچر کے خاتمے کا کریڈٹ عثمان بزدار کو جاتا ہے۔ تنقید برائے تنقید کی پرواہ کئے بغیر وزیراعلیٰ پنجاب نے عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھایا۔