بھارت میں انتہا پسندوں کی حکومت، مسئلہ کشمیر کا حل فوجی طاقت نہیں: وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا ہے کہ بھارت میں انتہا پسندوں کی حکومت ہے، 70 سال سے کشمیر بھارت اور پاکستان میں متنازعہ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل فوجی طاقت نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سنبھالی تو معاشی محاذ پر متعدد چیلنجز درپیش تھے، حکومت نے ملک کو درست سمت پر گامزن کر دیا، راتوں رات معیشت کو درست نہیں کیا جاسکتا، ہم نہیں چاہتے معیشت کا انحصار قرضوں پر ہو، کورونا کے حوالے سے پاکستان نے بہترین فیصلہ کیا، ہم نے آنکھیں بند کر کے مکمل لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار نہیں کی، آگے بڑھنے کیلئے کرپشن کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا پاکستان میں میڈیا پر کوئی قدغن نہیں، حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، میرے دور حکومت میں سب سے زیادہ تنقید ہوئی، ہماری حکومت نے خندہ پیشانی سے تنقید کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا فوج کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، مل کر کام کر رہے ہیں، افغانستان کی 19 سالہ جنگ میں بہت خون ریزی ہوئی، میں کہتا رہا افغان مسئلے کا حل مذاکرات ہیں، بعض عناصر افغان امن عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔