خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی ، مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق

سوات : خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ، مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہو گئی، بارشوں سے 110 گھروں کو جزوی نقصان جبکہ 13گھر مکمل تباہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہے ، مختلف حادثات کے دوران اب تک 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔ صوابی میں رات گئے شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے ۔ سوات میں طوفانی بارش کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث فضاگٹ روڈ مکمل طور بند ہوگیا ہے ، وزیراعلی خیبرپختونخوا آج سوات کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ سوات میں اب تک بارشوں سے 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ صوابی میں پانچ،مانسہرہ میں نو ،بٹگرام میں 2 ،کوہستان میں 1 جبکہ شانگلہ میں 2 افراد مختلف حادثات کے دوران جان سے گئے اور 34 افراد زخمی ہیں۔