شفاف، محفوظ ، غیر جانبدار انتخابات کیلئے انتخابی عمل کے تمام مراحل میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے:صدر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ شفاف، محفوظ ، غیر جانبدار انتخابات کیلئے انتخابی عمل کے تمام مراحل میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے،انتخابی نظام بہتربنانے کیلئے اجتماعی کاوشیں تمام سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز کی قومی ذمہ داری ہے،وہ اپنے زیرصدارت انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے ،اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات ، چودھری فواد حسین ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ، سینیٹر سید شبلی فراز نے شرکت کی،وفاقی وزیر ریلوے ، سینیٹر اعظم خان سواتی ، مشیر برائے پارلیمانی امور ، ظہیر الدین بابر اعوان بھی اجلاس میں شریک ہوئے.اجلاس میں ملک کے موجودہ انتخابی قوانین بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا .اجلاس کے دوران صدر مملکت نے کہاکہ آئی ووٹنگ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے کوششوں تیز کرنے کی ضرورت ہے،صدر مملکت نے پاکستانی عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کیلئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا،اجلاس میں انتخابی اصلاحات کا عمل آگے بڑھانے کیلئے سیاسی جماعتوں ، اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ،اعلامیہ کے مطابق سیاسی جماعتوں کو خواتین امیدواروں خصوصا مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے زیادہ جمہوری عمل اپنانے کی ضرورت ہے .