محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ ملک کے میدانی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ مالا کنڈ، ہزارہ، کوہاٹ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش دیر، پارا چنار میں 05 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ چترال میں 03 ، سیدو شریف، مالم جبہ 02 اور کوہاٹ، کوٹلی اور لوئر دیر میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک کے باقی شہروں کے کم سے کم درجہ حرارت کچھ یوں رہے۔ سکردو تین ، کوئٹہ چھ، مری اور گلگت آٹھ، مظفرآباد بارہ ، اسلام آباد، تیرہ ، فیصل آباد اور پشاور سولہ، لاہور سترہ ،ملتان اٹھارہ ،جبکہ حیدر آباد اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت بائیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔