ریکارڈ کی موجودگی کا پتہ چلنے پر جاپانی وزیر دفاع کی دوبارہ معذرت

جاپان کے وزیر دفاع اتسونوری اونودیرا نے جاپان کی گراونڈ سیلف ڈیفنس فورس، جی ایس ڈی ایف، کی سرگرمیوں کے ریکارڈ کی موجودگی کی تصدیق ہونے پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ وزارت نے اس ریکارڈ کی موجودگی سے متعدد بار انکار کیا تھا۔ اونودیرا نے میڈیا کوبتایا کہ گزشتہ سال گراونڈ اسٹاف آفس میں تلاش کے باوجود جی ایس ڈی ایف کے عراق میں مشن کی روزانہ سرگرمیوں کا ریکارڈ نہ ملنے کے حوالے سے وہ چھان بین کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔وزارت نے مذکورہ دفتر میں 14 ہزار صفحات پر مشتمل ریکارڈ پائے جانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ریکارڈ 2004 سے 2006 کے دوران 376 دنوں کی سرگرمیوں کا احاطہ کرتا ہے۔