آصف زرداری پر نواز شریف کے حملے انگور کھٹے کے مترادف ہیں۔ قمر زمان کائرہ
نواز شریف کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے قمر زمان کا ئرہ کا کہنا تھا کہ ووٹ کا تقدس نواز شریف نے ہمیشہ خود پامال کیا،انہوں نے ساری زندگی گندی اور سازشی سیاست کی، اب بھی عدلیہ اور نیب کے خلاف سازش کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف بیان بازی نوازشریف کو زیب نہیں دیتی، آصف زرداری پر نواز شریف کے حملے انگور کھٹے کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینکڑوں پیغامات کا جب جواب نہیں ملا تو ن لیگ بدکلامی پر اتر آئی ہے، پیپلزپارٹی نواز لیگ کی جمہوریت دشمنی کا حصہ نہیں بن سکتی ، نواز شریف آئین کے پیچھے چھپ کر اپنی لوٹ مار لیگل نہی کرواسکتے،انہیں سارے اصول نیب عدالت کے باہر جا کر ہی کیوں یاد آتے ہیں، اصول تب کہاں تھے جب مشاہداللہ اور پرویز رشید سے استعفے لیے گئے، جب اپنی گردن پر ہاتھ پڑا تو نوازشریف نظریاتی ہوگئے، یہ نظریاتی نہیں مطلبی ہیں، چئیرمین سینیٹ پر حملے کرکے ن لیگ جمہوری سسٹم کے خلاف سازش کر رہی ہے، دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عدلیہ پر ہمیشہ تنقید کی، مجھے کیوں نکالا والوں نے عوام کی خدمت نہیں کی اس لئے آپ کو نکالا، نواز شریف پیشی پر جاتے ہیں تو پتہ نہیں چلتا کہ مجرم جارہا ہے یا وزیراعظم، جن کواندر ہونا چاہیےوہ باہر کے ویزے لے رہے ہیں، جن کو آزاد کرنا چاہیے وہ جیل کے اندر ہیں۔