پاکستان میں کورونا سے اب تک 38 افراد جاں بحق ، 2687زیر علاج
لاہور: سندھ میں کورونا وائرس کے مزید تین مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ملک بھر میں مہلک وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد38 جبکہ تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد2687 ہوگئی۔
جی این این کے مطابق کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک بھر میں مہلک وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد38 جبکہ تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد2687 ہوگئی۔سندھ میں مزید تین مریض کورونا کے خلاف جنگ ہار گئے۔ حیدر آباد میں ایک جبکہ کراچی میں دو افراد جاں بحق ہوئے ، وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذراپیچوہو نے اموات اور نئے 47 کیسز کی تصدیق کی ہے۔صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد14 جبکہ متاثرین کی تعداد830 تک پہنچ گئی ہے۔
وباسے متاثرہ سرفہرست صوبے پنجاب میں کورونا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔تین گھنٹوں کے دوران 141 کیس سامنے آگئے۔ صرف لاہور میں 5 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا، شہر میں متاثرین کی تعداد 210 تک پہنچ گئی، ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 1069 کنفرم مریض ہیں۔
خیبر پختونخوامیں مزید 32 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد343 تک پہنچ گئی جبکہ بلوچستان میں 175 مریض ہیں۔اسی طرح چھ نئے کیس سامنے آنے پر اسلام آبادمیں مریضوں کی تعداد68 ہوگئی، گلگت بلتستان میں190، آزاد کشمیر میں11 مریض زیر علاج ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق 126 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اورملک میں کورونا کی وبا سے اموا ت کی شرح ایک اعشاریہ پانچ ہے