وزیراعظم کا تعمیرات کی صنعت سے متعلق مراعاتی پیکج کااعلان
وفاقی حکومت نے کوروناوائرس کی وباء کے تناظرمیں ملک میں روزگارکے مواقع بڑھانے کیلئے تعمیرات کی صنعت سے متعلق ایک مراعاتی پیکج کااعلان کیاہے۔وزیراعظم عمران خان نے اسلام آبادمیں پیکج کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے ان کے ذرائع آمدن کے بارے میں نہیں پوچھاجائے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ تعمیرات کے شعبے میں فکسڈٹیکس متعارف کرایاجائے گا اوراگرسرمایہ کار نیاپاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے تحت تعمیراتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں ان سے نوے فیصدفکسڈٹیکس ختم کردیاجائے اورانہیں صرف دس فیصدٹیکس ادا کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ سٹیل اورسیمنٹ کے سواتمام شعبوں سے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کردیاجائے گا۔عمران خان نے کہاکہ صوبوں کے تعاون سے سیلزٹیکس کی شرح بھی کم کی جارہی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ جائیدادکی فروخت پرمتعلقہ شخص کوکوئی کیپیٹل گین ٹیکس ادا نہیں کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ تعمیرات کے شعبے میں تیزی لانے کے لئے نیاپاکستان ہائوسنگ منصوبے کیلئے تیس ارب روپے کی اعانت دی جارہی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ تعمیرات کی صنعت کے فروغ کے لئے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ بھی قائم کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ تعمیرات کاشعبہ رواں ماہ کی چودہ تاریخ سے کھول دیاجائے گا۔(این این آر، وہاج بشیر)