سندھ حکومت نے ڈینیئل پرل قتل کیس میں سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ڈینیئل پرل قتل کیس میں سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ملزم کو نوے روز کیلئے حراست میں بھی لے لیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اب اپیلٹ فوم پر منحصر ہے کہ وہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتا ہے یا اسے کالعدم قرار دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینیئل پرل کے مقدمے میں امریکی تحفظات جائز ہیں۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے ان گنت قربانیاں دیں اور پوری قوم نے دہشت گردی کیخلاف ایک طویل جنگ لڑی اور اجتماعی کوششوں سے اس ناسور کو شکست دی۔واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے امریکی صحافی ڈینیل پرل اغوا اور قتل کیس میں عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل جب کہ 18 برس بعد 3 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔سندھ ہائیکورٹ کے اس فیصلے پر امریکا سمیت عالمی صحافتی تنظیموں اور وفاقی حکومت نے بھی تحفظات کا اظہار کیا۔