کرونا وبا کی تیسری لہر خطرناک، وزیراعظم کی قوم سے بڑی اپیل
عوام سے مخاطب ہونے سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے، جیسے کرونا کی لہر یورپ اور امریکا مین آئی، پاکستان اللہ کے شکر سے ابھی تک محفوظ ہے، ورنہ مشکلات بڑھ جاتیں، ہمیں اللہ کا شکر اداکرنا چاہیے جس نے ہمیں مشکل وقت سے بچایا، اللہ نے پاکستان پر خاص کرم کیا اور ہمیں اس وبا سے بچایا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یورپ میں ویکسین لگانے کے باوجود لاک ڈاؤن کردیاگیا ہے، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ کوروناکی تیسری لہر کب تک چلےگی، لوگوں سے کہتا ہوں کہ جہاں بھی جائیں ماسک ضرور پہنیں، دنیا جان چکی ہےکہ ماسک سے ہی سب سے زیادہ فائدہ ہے۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن کئے بغیر اپنے لوگوں کو بچارہےہیں، لاک ڈاؤن لگاتے تو سب سے زیادہ غریب متاثر ہوتے ، ہم صرف تھوڑی پابندی لگا رہےہیں تاکہ اس وبا سے بچا جائے، کرونا کے باعث دنیا میں 15کروڑ لوگ ایک سال میں غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، اپنے لوگوں کا تحفظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے ساتھ ہی کہا کہ خدا نخواستہ کرونا زیادہ پھیلا تو لاک ڈاؤن پر مجبور ہونگے۔
عوام سے براہ راست گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ہائیرایجوکیشن میں بڑی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہائیرایجوکیشن میں بڑی تبدیلی کرنے لگے ہیں، قومیں ہائیر ایجوکیشن سے اوپر جاتی ہیں، عمارت بنانے سے یونیورسٹی نہیں بن جاتی، معیاری تعلیم کیلئے اعلیٰ پروفیسرز ہوں تو یونیورسٹی کا فائدہ ہوتاہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اب تک ہماری صرف اور صرف توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ہے، انتظامی طورپر مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اپنا کردارادا کررہےہیں، مہنگائی کی کیا وجہ ہے اس پر ایک سال سے پورا کام ہورہاہے، کیونکہ کسان چیز مارکیٹ میں بیچتا ہے جب عوام تک پہنچتی ہے تو بہت فرق آجاتاہے، انشااللہ عوام کو ہم مہنگائی پر قابو پاکر دکھائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیزل مہنگا ہوتو ٹرانسپورٹ مہنگی ہوتی ہے جس کے باعث دیگرچیزوں پر اثرپڑتا ہے، 70فیصد گھی کیلئے استعمال ہونیوالا تیل ہم امپورٹ کرتے ہیں،افسوسناک بات یہ ہے کہ پاکستان زرعی ملک ہونے کےباوجود دالیں امپورٹ کرتاہے، ملک میں آبادی بڑھتی گئی گندم میں بھی خسارہ آگیا بارش بھی غلط ٹائم پر ہوگئی ،جس کا نتیجہ نکلا کہ ایک سال کے اندر ہمیں 40لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرناپڑی۔