اگر احتیاط نہ کی تو ہم لاک ڈاؤن لگانے پر مجبور ہوجائیں گے: وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا سے حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہم ملک بھر میں لاک ڈاؤن پر مجبور ہو جائیں گے۔ لوگ ماسک لازمی پہنیں اور پہلے سے زیادہ احتیاط کریں۔وزیر اعظم عمران خان عوام سے ٹیلی فون کال پر مخاطب ہوئے اور کہا کہ کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے اور زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاہم بدقسمتی سے لوگ احتیاط نہیں کر رہے۔ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں پاکستان کو اللہ نے زیادہ نقصان سے بچایا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن نہیں کر رہے اور فیکٹریاں بھی کھلی ہیں لیکن خدانخواستہ حالت زیادہ خراب ہو گئے تو پھر ہم بھی مجبور ہوجائیں گے۔ باقی دنیا میں جہاں بھی لاک ڈاؤن لگا وہاں سب سے زیادہ غریب لوگ متاثر ہوئے۔ لوگ ماسک لازمی پہنیں اور پہلے سے زیادہ احتیاط کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی ایڈمنسٹریشن کی وجہ سے ہے اور دوسرا مڈل مین کی زیادہ منافع خوری کی وجہ سے مہنگائی ہے۔ تاہم اب ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں کسان براہ راست منڈیوں تک چیزیں پہنچائیں گے۔معیشت کی بہتری کی وجہ سے روپیہ مستحکم ہوا ہے۔ بجلی کے جتنے معاہدے ہوئے وہ ڈالر نرخ میں کیے گئے اور تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے بجلی بھی مہنگی ہوئی۔