عمران خان سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی کی ملاقات

پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ان کی رہائشگاہ بنی گالہ میں ملاقات کی، جاپانی سفیر نے انتخابات میں کامیابی پر جاپانی حکومت کی جانب سے دلی مبارکباد دی اور پاکستان میں نومنتخب حکومت کے ساتھ تعاون اور اشتراک میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ جاپانی سفیر کا کہنا تھا جاپان ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی تعمیر و اصلاحات کے منصوبوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ اشتراک کا خواہاں ہے، جاپان پینے کے صاف پانی کے منصوبوں میں اشتراک میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ جاپانی سفیر نے بتایا جاپانی پارلیمان کا وفد ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے جاپانی سفیر اور ان کی حکومت کی جانب سے مبارکباد پر ان کا شکریہ ادا کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف دونوں ممالک کے مابین نجی شعبے میں سرمایہ کاری اور اشتراک کی خواہاں ہے۔ تحریک انصاف جاپان کے ساتھ مضبوط اور متحرک سفارتی تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا باہمی سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے تجارت اور اشتراک کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔۔