پاکستان نے افغانستان میں نماز جمعہ کے دوران خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں افغانستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور دہشتگردی جیسے مشترکہ دشمن کے خلاف جنگ میں افغانستان کے ساتھ پاکستان کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔آج افغانستان کے شہر گردیز میں نماز جمعہ کے دوران ایک مسجد کے نزدیک خودکش بم دھماکے میں کم سے کم تیس افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہوگئے تھے۔