قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے169حلقوں کے مسترد ووٹ جیت کے مارجن سے زیادہ نکلے،نئی فافن رپورٹ
فافن رپورٹ میں حیران کن انکشافات سامنے آگئے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے 169حلقوں میں مسترد ووٹ جیت کے مارجن سے زیادہ نکلے، 62حلقوں میں پی ٹی آئی امیدواروں کو فائدہ ہوا۔فافن کی جاری نئی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے قومی اسمبلی کے 49حلقوں میں مسترد ووٹ جیت کے مارجن سے زیادہ ہیں، صوبائی اسمبلیوں کے 120حلقوں میں بھی صورتحال ایسی ہی ہے جہاں مسترد شدہ ووٹ جیت کے مارجن سے زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔قومی اسمبلی کے 49حلقوں میں سے 21میں پی ٹی آئی جبکہ 11حلقوں میں ن لیگ کے امیدوار جیتے، اسی طرح 6حلقوں میں پی پی، تین حلقوں میں بلوچستان عوامی پارٹی اور 2 حلقوں میں جی ڈی اے کامیاب ہوئی۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ صوبائی اسمبلیوں کے 120حلقوں میں سے 41 پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی۔ 29حلقوں پر ن لیگ، 13حلقوں پر پی پی، 11پر مجلس عمل اور 6پر جی ڈی اے فتح یاب ہوئی۔ 6 حلقوں میں بلوچستان عوامی پارٹی، 9میں آزاد جبکہ 2حلقوں میں ایم کیو ایم کا امیدوار کامیاب ہوا۔فافن رپورٹ کے مطابق مسترد ووٹ کے معاملہ میں پنجاب پہلے، سندھ دوسرے، خیبرپختونخوا تیسرے اور بلوچستان چوتھے نمبر پر رہا۔