آج ملک بھر میں شہدائے پولیس کا دن منایا جا رہا ہے
یہ دن منانے کا مقصد پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی اور استحکام کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پولیس فورس کی خدمات کو اجاگر کرنے کےلئے صوبائی ہیڈ کوارٹرز اور ضلع کی سطح پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومتوں نے شہدا کے بچوں کی تعلیم کی تکمیل میں مدد کےلئے ان کےورثا کو امدادی پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پولیس کے شہدا نے مادر وطن کےلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور وہ قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شہدا کے خاندانوں کی مدد کےلئے انہیں خصوصی پیکیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے شہدا کا دن آج خیبرپختونخوا میں بھی منایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ قیام امن کے لئے بہادر پولیس اہلکاروں کی گرانقدر قربانیاں بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے نہ صرف ملک میں امن و استحکام کےلئے بلکہ پرامن معاشرے اور ماحول کےلئے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ محمود خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں بھی محکمہ پولیس نے ہر اول دستے کے طور پر مثالی خدمات انجام دیں۔