ایم پی اے نذیر چوہان کی ضمانت منظور
لاہور کی سیشن عدالت نے سائبر کرائم کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نذیر چوہان کی ضمانت منظور کر لی ۔بدھ کولاہور کی سیشن عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج نے نذیر چوہان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تو وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کے نمائندے ہارون الیاس عدالت میں پیش ہوئے اور پاور آف اٹارنی عدالت میں پیش کیا۔شہزاد اکبر کے نمائندے نے عدالت میں بیان دیا کہ شہزاد اکبر نے نزیر چوہان کو معاف کر دیا، اگر عدالت ضمانت منظور کر لے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ عدالت نے شہزاد اکبر کے معاف کرنے پر سائبر کرائم کے مقدمے میں نذیر چوہان کی ضمانت منظور کر لی اور رہائی کا حکم دیدیا،عدالت نے نذیرچوہان کو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔