پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کے خلاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002ء کے تحت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ نے ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کےخلاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 کے آرٹیکل 2، 6 ،15 اور17 کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، تحریک انصاف غیر ملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی ہے، جلد ڈیکلریشن تیار کرکے سپریم کورٹ بھیجا جائے گا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا، اکبرایس بابر اپنی پیٹیشن لیکر الیکشن کمیشن گئے تھے، اس پیٹیشن سے مسلم لیگ ن کا کوئی تعلق نہیں تھا، 8سال بعد الیکشن کمیشن نے تفصیلی فیصلہ دیا، فیصلے کے بعد وزارت قانون کی طرف سے کابینہ کومفصل بریفنگ دی گئی۔