اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پولیس فاؤنڈیشن اراضی سکینڈل میں انجم عقیل خان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس فاؤنڈیشن اراضی سکینڈل میں ملوث مسلمل لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی اور سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر انجم عقیل خان پولیس فاؤنڈیشن شیخ عبدالحنان کو آج ایف آئی نے سپیشل ڈیوٹی جج عثمان علی اعوان کی عدالت میں پیش کیا۔ ایف آئی کی جانب سے ملزمان کے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی جس پر انجم عقیل خان کے وکیل ظفر علی شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے پہلے ہی جسمانی ریمانڈ لے چکی ہے اور اراضی سکینڈل کیس میں کسی بھی قانون کے تحت جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جا سکتا۔ اس پر پولیس فاؤنڈیشن کے وکیل بابر سعید بٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان سے زمین اور رقوم کی ریکوری کیلئے ریمانڈ ضروری ہے جس پر عدالت نے ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔