صدرآصف علی زرداری نے جنوبی کوریا کے ہم منصب سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔

صدرآصف علی زرداری جنوبی کوریا کے تین روزہ سرکاری دورے پرسیول میں ہیں۔ جہاں جنوبی کوریا کے صدر لومونگ بیک نے ان کے اعزازمیں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ موٹروے پاکستان اورجنوبی کوریا کی دوستی کی مثال ہے۔ افغان جنگ کی وجہ سے پاکستان کو متعدد مسائل کا سامنا ہے، خطے میں امن کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیرہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ کومنطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے جنوبی کوریا کوسرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تجارتی حجم کوپانچ ارب ڈالرتک لے جانے کیلئے کوشاں ہیں۔ جنوبی کوریا نے کم وقت میں نمایاں ترقی کی، پاکستان ہمسایہ ملک کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ صدرنے جنوبی کوریا کوپاکستان میں خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے کی پیشکس بھی کی۔ اس موقع پرجنوبی کوریا کے صدرنے کہا کہ دہشتگردی کے چیلنج کے باوجود پاکستان کی معیشت مضبوط ہورہی ہے، صدر زرداری کی قیادت میں پاکستانی قوم کے بہترمستقبل کی توقع کی جاسکتی ہے۔