آسٹریلیا کے پاس بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر کے عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پانے کا موقع
آسٹریلوی ٹیم بھارت کو شیڈول ٹیسٹ سیریز میں 4-0 سے وائٹ واش کر کے عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 دسمبر سے ہو گا۔ پیر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کی طویل حکمرانی ختم کرنے کا موقع مل گیا تاہم ہدف کے حصول کیلئے اسے ٹیسٹ سیریز 4-0 سے جیتنا ہو گی، اس وقت بھارتی ٹیم 116 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم 102 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری آخری ٹیسٹ کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی پوزیشن میں تبدیلی آ سکتی ہے، نیوزی لینڈ کی شکست کی صورت میں آسٹریلوی ٹیم چوتھے نمبر پر آ جائے گی اور اس کے بعد بھارت کے خلاف کلین سویپ سے یہ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہو سکتی ہے تاہم بھارت کے ہاتھوں شکست کی صورت میں آسٹریلوی ٹیم کو چھٹے نمبر پر تنزلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ڈرا ہونے پر بھارتی ٹیم کے 2 پوائنٹس گریں گے لیکن اس کے باوجود وہ ٹاپ پر رہے گی البتہ آسٹریلیا کو وائٹ واش کر کے بھارتی ٹیم 120 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر لے گی۔