غیر سنجیدہ وزیراعظم سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا،عمران خان کو اگلا حکمران جیل بھیجے گا: آصف زرداری
پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ناتجربہ کار حکومت نہیںچل سکے گی جبکہ عمران خان کو اگلا حکمران جیل بھیجے گا۔ غیر سنجیدہ وزیراعظم سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا، قبل ازوقت الیکشن کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، میاں صاحب نے مخالفین کیلئے احتساب کا قانون بنایا جو ان کے گلے پڑ گیا۔ٹنڈوالہ یار میں میڈیا سے گفتگو کے دوران آصف زرداری نے وزیراعظم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرغی خریدیں اور اس کے انڈے بیچ کر دیکھیں کتنی خوشحالی آتی ہے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا یہ ملک نہیںسنبھال سکتے، ملک کے حالات گھمبیر ہیں، کٹھ پتلیاں ملک کے حالات سنبھال نہیں سکتیں، ملکی معاملات کو چلانے کے لیے ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جسے زمینی حقائق کا پتا ہو۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں اور کہتے ہیں ساری اپوزیشن کوجیل میں ڈالوں گا، ہم میں جیل جانے کی صبر و برداشت ہے لیکن کیا عمران خان خود جیل جانا برداشت کرسکتے ہیں، جیسی کرنی ویسی بھرنی، نواز شریف نے احتساب عدالتیں اور قانون میرے لیے بنائے تھے لیکن خود ان کے گلے پڑگئے اور آج وہ کٹہرے میں کھڑے ہیں، عمران خان آج اپوزیشن کو جیل بھیجیں گے لیکن آنے والا انہیں بھی ضرور جیل بھیجے گا۔ حکومت بننے یا قبل از وقت الیکشن کی پیشگوئی نہیں کرسکتا البتہ یہ ضرور سمجھتا ہوں کہ ان سے ملک نہیں چلتا۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کی کچھ شقوں کا بہانا بنا کر وہ 1973کا آئین منسوخ کرنا چاہتے ہیں، شقوں کا بہانہ بناکر دوبارہ ون یونٹ کی سیاست شروع کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ون یونٹ کے خلاف بھی جدوجہد کی تھی، ہم دوبارہ ون یونٹ کی سیاست نہیں ہونے دیں گے، ون یونٹ کی مخالفت ہم نے کی ہے اور کرتے ہیں، جب تک جان میں جان ہے جنگیں ہوتی رہیں گی۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ مجھے موجودہ حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نظر نہیں آتی، ان کی تو ایک ہی پالیسی ہے گورنر ہاؤس کی دیوار گرانا، پرانی دیوار آخر کیوں توڑی جارہی ہے، گورنر ہاؤس میں میوزیم یا لائبریری، جو بھی بنائیں دیوار کی ضرورت تو ہوگی۔آصف زرداری نے کہا ہمارا فرض ہے کہ لوگوں کو نوکریاں دیں تاکہ گھروں کے چولہے جلیں، کراچی میں 50 ہزار دکانیں گرادی گئیں، بیروزگار کرکے کہا جارہا ہے ٹینٹ میں بیٹھیں، پہلے متبادل انتظام کرتے، عمارت بناتے جگہ دیتے اور پھر گراتے تو بات بنتی۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ شوگر ملوں سے متعلق پالیسی وفاق کی چل رہی ہے ، جے آئی ٹی نے شوگر ملوں کوسیل کررکھا ہے، نقصان ہوگا تو برداشت کرنا پڑے گا لیکن افسوس ہے کہ نقصان غریب کا ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی پیپلزپارٹی کی وفاق میں حکومت آئی تو آبادگاروں کو فائدہ ہوا، ہم نے بیمارصنعتوں کو فعال کیا تاکہ روزگار بڑھے اور نوکریاں ملیں، ہماری اور موجودہ حکومت کی سوچ میں فرق ہے، ان کی سوچ بیکار سوچ ہے اس سے نقصان ہوگا۔آصف زرداری نے کہا کہ بھارت اور دیگر طاقتیں افغانستان میں بیٹھ کر دہشت گردی کو بڑھا رہی ہیں، صدر ٹرمپ افغانستان میں موجود بھارت اور دیگر قوتوں کی دہشتگردی پر بھی کچھ جواب دیتے۔