سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑنے کا نیا سسٹم متعارف کرادیا گیا

سعودی حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے متحرک اورفکسڈ سسٹم متعارف کرا دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نئے نظام کوکاسٹو کا نام دیا گیا ، یہ سسٹم عام گاڑی میں نصب ہوگا جس پر پر محکمہ ٹریفک کی کوئی علامت نہیں ہو گی۔کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد نے گذشتہ روز متحرک اورفکسڈ سسٹم کاسٹو کا افتتاح کیا، نئے سسٹم سے آراستہ گاڑی کی ویڈیو اور تصاویر بھی جاری کی گئیں۔کاسٹو سسٹم سڑک کے دونوں جانب چلنے والی گاڑیوں کی رفتار یکساں انداز میں ریکارڈ کرتا ہے، یہ اے آر ایکسرے سے آراستہ ہے،اس کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ہر طرح کی گاڑیوں کی انتہائی رفتار درج ہے، اگر کوئی ٹرک مقررہ رفتار سے زیادہ سے چلتا ہوا پایا گیا تو ایسی صورت میں یہ سسٹم اس کی خلاف ورزی ریکارڈ کر لے گا۔اس سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کی 30 سے 260 کلو میٹر فی گھنٹے تک کی رفتار نوٹ ہوسکتی ہے۔محکمہ ٹریفک کے مطابق نئے سسٹم کی بدولت شاہراہوں پر ٹریفک کی سلامتی کا معیار بلند ہو گا اور ٹریفک حادثات میں کمی ہوگی۔