اسلام آباد ہائیکورٹ کا آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیدیا ۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر دائر دراخواست ضمانت پر سماعت کی ، عدالت نے پمز ہسپتال کے ایم ایس کو نیامیڈیکل بور ڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ نیا میڈیکل بورڈ آصف زرداری کے ذاتی معالج کو بھی شامل کرے۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ کو11 دسمبر کو نئی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔جبکہ عدالت نے ڈاکٹر فریال تالپور کی بھی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے درخواست پر نیب سے 11دسمبر کو تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔آصف زرداری نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میںطبی بنیادوں پر ضمانت کے لئے درخواست دائر کی ہے۔ آصف زدراری کی جانب سے سینٹر فاروق حمید نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور مئوقف اپنایا کہ آصف زرداری کی طبیعت خراب ہے اور ان کے لئے جو میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے اس میں ان کے ذاتی معالج کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی جائے۔عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے پمز کے ایم ایس کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے اور اس میں آصف زرداری کے ذاتی معالج کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔یہ میڈیکل بورڈ آصف زرداری کا طبی معائنہ کرے گا اور میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروائے گا۔ جبکہ عدالت نے ڈاکٹر فریال تالپور کی بھی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے نیب سے 11دسمبر کو جواب تحریری طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11دسمبر تک ملتوی کر دی۔