سعودی حکومت کا مزدوروں کی فلاح بہبود کیلئے اہم اقدام
ریاض : سعودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مزدوروں کی اصلاحات کیلئے اعلان کردہ قوانین جلد جاری کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت تاریخی لیبر اصلاحات کے لئے ایگزیکٹیو قواعد جلد جاری کرے گی۔ ان اصلاحات کا اعلان وزارت کی جانب سے حال ہی میں کیا گیا تھا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مملکت میں کام کے ماحول کی ترقی اور دیکھ بھال کے نائب وزیر سطام الحربی نے کہا کہ یہ اقدام لیبر مارکیٹ کو بہتر بنانے کی جانب بہتر قدم ہے۔ یہ مملکت میں ہونے والی ترقی کی رفتار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے وزارت کی جانب سے کی جانے والی سابقہ کوششوں کا تسلسل ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک آن لائن ورکشاپ سے خطاب میں کہی جس کا اہتمام ریاض ایوان صنعت و تجارت نے وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے تعاون سے کیا تھا، اس پروگرام میں چیمبر کی نمائندگی انسانی وسائل اور لیبر مارکیٹ کمیٹی نے کی۔