جرمن ٹرینوں پر حملے:عراقی شہری کو عمر قید کی سزا
جرمنی میں تیز رفتار ٹرینوں کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کرنے والے ایک عراقی شخص کو ویانا کی ایک مقامی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ سن 2018 میں مذکورہ شخص نے جرمن شہر الیرس برگ میں لوہے کی رسی، لکڑی کے پچر، میٹل اور زنجیر کے استعمال کی مدد سے تیز رفتار آئی سی ای مسافر ٹرین کو پلٹنے کی کوشش کی تھی۔ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کی مقامی عدالت کے آٹھ رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ مذکورہ شخص نے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کی ایما پر یہ کارروائیاں کیں۔ مجرم نے تاہم ان الزامات سے انکار کیا تھا۔ یہ 44 سالہ عراقی شخص اپنی اہلیہ اور چار بچوں کے ساتھ ویانا میں سن 2013 سے پناہ گزین کے طور پر رہ رہا ہے۔