امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی
امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ نئے اقدام کے تحت امریکا نے ایک ادارے اور اس کے سربراہ کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے شہید میثمی گروپ اور اس کے ڈائریکٹر کے خلاف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا الزام ہے کہ یہ گروپ ایران کے کیمیائی ہتھیاروں کی تحقیق کی سرگرمیوں میں ملوث رہنے کے ساتھ ساتھ امریکا کی جانب سے پہلے سے ہی بلیک لسٹ ایرانی تنظیم برائے دفاعی ترقی سے بھی وابستہ رہا ہے۔ چند روز قبل ہی قتل کیے گئے ایرانی جوہری سائنس داں محسن فخری زادہ اسی تنظیم کے سربراہ تھے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اپنی مدت کار کے اختتام سے ایک ماہ قبل جمعرات تین دسمبر کو ایران پر ان نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔