پاکستان میں آج کا موسم کیسا رہے گا۔؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا۔ آج اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔اسلام آباد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں اسموگ اور دھند میں کمی متوقع ہے۔ تاہم شام اور رات کے دوران کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس دوران شام اور رات کے اوقات میں دیر، سوات، چترال، بونیر، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، شانگلہ، کالام، باجوڑ اورکرم میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع (کوئٹہ، چمن، زیارت اور گردونواح) میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے آج سے تیز بارشوں کی پیشگوئی کردی تھی۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی کہ آج رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جو 2 روز تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، زیارت، پشین، ژوب اور گردونواح کے علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ اتوار کو کشمیر، چترال، دیر، سوات مالا کنڈ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں موسلادھار بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ اور اسلام آباد میں بارش کا امکان ہے جبکہ اتوار کو نیلم، روالاکوٹ، باغ، نتھیا گلی، گلیات، ہنزہ، گلگت بلتستان، چترال اور مالم جبہ میں برفباری کا امکان ہے