نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے. وزیرِ اعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت موجود ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت سے نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل اسپورٹس پالیسی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں عمران خان کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کا آئینی مسودہ تیار ہے، بورڈ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے، آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا، پی ایس بی نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
اسکے علاوہ مقامی سطح پر صوبوں کی طرف سے اہم کھیلوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جائے گی. بریفنگ. اجلاس کو بڑے شہروں میں ہاکی ٹرف کے حوالے سے بھی بتایا گیا. اسلام آباد میں اس پر کام مکمل ہے جبکہ واہ کینٹ، فیصل آباد، کوئٹہ پشاور، مظفر آباد اور گلگت میں اس پر کام تیزی سے جاری ہے.
وزیرِ اعظم نے جاری منصوبوں پر کام معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی. اجلاس میں وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، چاروں صوبوں کے کھیلوں کے وزراء، چیئرمین پاکستان سپورٹس بورڈ اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت. وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی.