غیرمعمولی اجلاس 41 برس بعد ہورہا ہے،پانچ بڑی عالمی طاقتوں اور یورپی یونین کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے:وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا افغانستان کی صورتحال پر سترہواں غیرمعمولی اجلاس اس مہینے کی انیس تاریخ کو اسلام آباد میں ہوگا۔آج گورنر ہائوس لاہور میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی اجلاس 41 برس بعد ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ بڑی عالمی طاقتوں اور یورپی یونین کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر افغانستان کی صورتحال پر توجہ نہ دی گئی تو انساین المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی نصف آبادی غذائی قلت کا شکار ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بڑھتی ہوئی ضروریات سے نمٹنے کے لئے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال نہ کئے گئے تو وہاں اقتصادی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں کسی بھی قسم کی خراب ہوتی ہوئی صورتحال سے پناہ گزینوں کا نیا بحران درپیش ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو افغانستان کی موجودہ صورتحال کا ادراک کرنا چاہئے۔