اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیار، ہم قوم بنانے نکلے ہیں. علی نواز اعوان
پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹرز ووٹ دیتے وقت یہ ضرور دیکھیں کہ وہ غلامی کے لیے ووٹ دے رہے ہیں یا آزادی کے لیے؟ ہم گلی نالی کی سیاست کے لئے نہیں قوم بنانے نکلے ہیں 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں فتح سے 26 کلو میٹر کی حکومت بھی ختم ہو جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل ون سید پور میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں منعقد کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں ووٹ دیتے وقت یہ نہ دیکھیں کہ گلی نالی کس نے بنوائی یا تھانے کچہری کا کام کون کرواتا ہے بلکہ یہ دیکھیں کہ قوم بنانے کے لیے کون کھڑا ہے کون صرف الیکشن کا سوچتا ہے اور کون آئندہ نسلوں کو سنوارنے کا؟ پاکستان تحریک انصاف سیاست میں بنیادی تبدیلی کا مینڈیٹ لے کر نکلی ہے ہم قوم بنانے نکلے ہیں اس میں دیر تو لگ سکتی مگر دنیا کی کامیاب قوموں میں شمار پاکستانیوں کا مقدر ہے علی نواز اعوان نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں ساڑھے تین سالہ دورِ میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے اسلام آباد کو اس کی شناخت دی مگر الحمدللہ ہم پر یا ہماری ٹیم پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں لگ سکا اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے میرٹ پر کام کروائے ٹیموں کو کام سونپے اپنوں میں ریوڑیاں نہیں بانٹیں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور پی ڈی ایم کی اس 26 کلو میٹر کی حکومت بھی ختم ہو جائے گی اس موقع پر یونین کونسل ون سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ عمران خان یا ان کی اسلام آباد کی ٹیم میں کسی کا کوئی رشتے دار بھی اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں کونسلر کا الیکشن بھی نہیں لڑ رہا جبکہ دوسری طرف بیٹوں بھتیجوں بھانجوں کو ورکرز پر ترجیح دی گئی ہے ہم نے میرٹ پر ٹکٹس تقسیم کیے ہیں ٹکٹ دیتے وقت امیدواروں کی جیب نہیں اہلیت دیکھی گئی کئی یونین کونسلز کے چیئرمین کے امیدوار موٹر سائیکل بھی افورڈ نہیں کرسکتے مگر ان کی پارٹی کے لیے قربانیوں کو سامنے رکھ کر انہیں ٹکٹ دیے گئے