عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے، آئندہ بھی حکومت میں نہیں ہوں گے: یوسف رضا گیلانی

لودھراں: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے، وہ بخوبی جانتے ہیں کہ اسمبلیاں ٹوٹیں تو صرف دو صوبوں میں الیکشن ہوں گے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کرانے کا ہمارا مطالبہ نہیں مانا تو ہم کیسے مانیں؟ عمران خان بات کرنا چاہتے ہیں تو غیر مشروط طور پر بیٹھیں تاکہ کوئی راستہ نکلے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو وزیراعلیٰ ایک ایف آئی آر درج نہیں کروا سکا وہ اسمبلی کیسے توڑے گا؟ عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ بے نقاب ہوچکا ہے، پی ٹی آئی نے پیپلزپارٹی اورن لیگ کے خلاف میڈیا ٹرائل کیا۔