پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ یہاں آصف زرداری جیسے سیاستدان ہیں
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بلوچستان میں ہارس ٹریڈنگ کی، آصف زرداری لوٹی ہوئی دولت سے ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں جب کہ ان کے پیسے ایان علی کے ذریعے ملک سے باہر جاتے رہے ہیں، یہ پیسے کے استعمال سے سیاست کو گندا کررہے ہیں، بے ضمیر زرداری ضمیر کا سودا کرنے آئے ہیں۔ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ یہاں آصف زرداری جیسے سیاستدان ہیں، عابد شیر علی نے کہا کہ شیخ رشید انتشار کی سیاست چاہتا ہے، سائیکل پر جانے والے شیخ رشید ارب پتی کیسے بن گئے، ان کا آڈٹ کون کرے گا۔ شیخ رشید نے ریلوے کے انجن چوری کرکے بیچے، شیخ رشید کا بھی پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت نکالی جائے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا ہے، عمران خان نے ہیلی کاپٹر سے کے پی کے حکومت کو نقصان پہنچایا جب کہ یہ کوئی پنکی آنٹی کا ہیلی کاپٹر نہیں۔ جنہوں نے پارلیمنٹ کو گالیاں دیں انہیں اپنے ہاتھوں سے جوتے ماریں گے،،