اسرائیل نے غزہ سرحد پر 6 میٹر اونچی کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر کا آغاز کردیا
اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں سے 'تحفظ' کے لیے کنکریٹ کی دیوار کی تعمیرپر نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی سرحد پر حفاظتی دیوار کی تعمیر کا کام آئندہ ہفتے دوبارہ شروع کیا جائے گا اور اسے غزہ اور اسرائیل کے درمیان پوری سرحد پر تعمیر کرنے تک جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے تحت غزہ کی پٹی کی سرحد پر کنکریٹ کی دیوار کی بلندی سطح زمین سے 6 میٹر اونچی رکھی گئی ہے تاکہ غزہ سے 'دہشت گردوں' کی اسرائیل میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی جا سکے۔ادھر اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ مغربی حصے میں یہ دیوار سمندر کے اندر بھی تعمیر کی جائے گی۔ اس دیوار کو 'خصوصی طورپر ایک طاقت ور دفاعی وسیلہ' قرار دیا گیا ہے۔ 2014 کی جنگ میں غزہ کی پٹی میں سمندری حدود سے فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی تنصیبات تک پہنچنے کی کوشش کی تھی جس پر اسرائیل نے سخت تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کار بالخصوص حماس سرحد پر سرنگیں تعمیرکررہی ہے۔