ہم نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا ، ہم روپے کی قدر میں کمی کے باعث لوگوں کو در پیش مسائل سے آگاہ ہیں: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو در پیش مسائل کے حل کی غرض سے حکمت عملیاں تشکیل دینے کے لئے مرکز اور صوبوں کے درمیان بہتررابطے پرزوردیا ہے۔ وہ آج اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کےاجلاس کی صدار ت کررہے تھے جس میں پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار،خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان اورصوبائی وزرا نےبھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار میں چھ ماہ مکمل کرلئے ہیں اوراب یہ حکمرانی کے اگلے مرحلے میں داخل ہورہی ہے جس کے لئے صوبوں اوروفاقی حکومت کےدرمیان مضبوط رابطے وقت کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے عوام اورملک کی بہتری کے لئے تحریک انصاف کی حکومت کے اب تک کئے گئے اقدامات کو اجاگر کرنے پر بھی زوردیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا ،انہوں نے کہا کہ ہم روپے کی قدر میں کمی کے باعث لوگوں کو در پیش مسائل سے آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی صورتحال کی بہتری کے لئے مسلسل کوششیں کررہی ہے۔منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر مخدوم خسرو بختیار نے شرکا کو مستقبل کی ترجیحات کےحوالے سے بریفنگ دی۔