مقبوضہ کشمیر کی آزادی میں زیادہ دیر نہیں، آصف علی زرداری
اسلام آباد :.07 سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا مقبوضہ کشمیر کی آزادی میں زیادہ دیر نہیں، مظلوم کشمیری ہماری روح اور ہمارے دل میں بستے ہیں۔ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں سابق صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ آصف زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی ان کا بنیادی اور جمہوری حق۔اقوام متحدہ کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ اپنے چارٹر پر عمل کرواکرمقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی کا بنیادی حق دلوائے۔ آصف زرداری نے کہا عالمی منصف اور اور عالمی میڈیا مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہونے والے بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کی اخلاقی ذمہ داری پوری کریں۔ آصف زرداری نے کہا کہ ضرورت اس بات ہے کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر سفارتی تعلقات کو موثر بنانے کے لیئے پارلیمانی وفود تشکیل دے جو دیگر ممالک کو کشمیری عوام کی حمایت کے سیاسی اور سفارتی فضا سازگار کریں۔ انہوں نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کی اوورسیز تنظیمیں مقبوضہ کشمیر کی ازادی کے لئے بھرپور آواز بلند کر رہی ہیں۔