شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک
: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کارروائی کرتے ہوئے چار دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے میر علی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا جہاں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد اغواء برائے تاوان، سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت کئی وارداتوں میں ملوث تھے، دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2جوان بھی شہید ہوئے جن میں نائب صوبیدار امین اللہ اور سپاہی شیر ضامن شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ نائب صوبیدار شہیدامین اللہ کی عمر 42 سال اور تعلق چترال سے تھا جبکہ شہید ہونے والے سپاہی شیر ضامن کی عمر 24 سال اور تعلق لنڈی کوتل سے تھا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 سپاہی زخمی بھی ہوئے ہیں